گرین شرٹس انگلش امیدوں کا محل مسمار کرنے کیلیے تیار؛ پہلا ٹی 20 آج ہوگا

دبئی: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹوئنٹی 20میچز کی سیریز کا آغاز آج سے دبئی میں ہورہا ہے، گرین شرٹس انگلش امیدوں کا محمل مسمار کرنے کو تیار ہیں، مہمان ٹیم کے سر سے ایک روزہ مقابلوں میں کامیابی کا خمار اتارا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کا ٹوئنٹی 20 اسکواڈ سینئر اور جونیئرز کا حسین امتزاج ہے، اس میں عامر یامین اور بلال آصف جیسے نوآموز کرکٹرز بھی موجود ہیں جبکہ شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے جہاندیدہ کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ اسی طرح 39 سالہ رفعت اللہ مہمند کی صورت میں ’وائلڈکارڈ‘ انٹری بھی موجود ہے۔

پاکستانی ٹیم کے لیے سب سے بڑا چیلنج ایک روزہ سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کو یکسر فراموش کرکے نئے جذبے سے میدان میں اترنا ہوگا۔ شاہد آفریدی نے رواں برس 7 میچز میں صرف 2 وکٹیں لیں لیکن اسپن کنڈیشنز میں انگلینڈ کو ان کی لیگ بریک صلاحیتوں سے محتاط رہنا ہوگا، اسی طرح سری لنکا کے خلاف کولمبو میں ان کے صرف 22 بالز پر 45 رنز بھی یہ یاد دلانے کیلیے کافی ہیں کہ ان کا بیٹ کسی وقت بھی گھوم سکتا اور انگلش سائیڈ کو تارے دکھاسکتا ہے، پاکستان کی جانب سے رفعت اللہ کو ڈیبیو کا موقع فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے بند ہیں.