گرینج پاکستانی بیٹسمینوں کی رہنمائی کیلیے اوول پہنچ گئے

کراچی: سابق ویسٹ انڈین اوپنر گورڈن گرینج پاکستانی بیٹسمینوں کی رہنمائی کیلیے اوول پہنچ گئے، ناصر جمشید، محمد حفیظ اور عمران فرحت سمیت کئی بیٹسمینوں نے ان سے اپنے کھیل میں بہتری کیلیے مشورے لیے۔ تفصیلات کے مطابق 108 ٹیسٹ اور 128 ون ڈے میچز میں کیریبیئن ٹیم کی نمائندگی کرنیوالے گورڈن گرینج کی ڈیسمنڈ ہینز کے ساتھ اوپننگ جوڑی کو اب بھی بہترین قرار دیا جاتا ہے، گرینج نے جمعے کو ایورسلے کلب کے سالانہ میچ میں لیشنگز کلب کی نمائندگی کی، پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ محمد اکرم سے ان کے اچھے مراسم ہیں۔ذکا اشرف کی ہدایت پر اکرم نے انھیں پریکٹس سیشن میں مدعو کیا، ہفتے کی دوپہر جب وہ اوول گراؤنڈ پہنچے تو پاکستانی بیٹسمینوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا، اوپنرز ناصر جمشید، محمد حفیظ اور عمران فرحت نے خاص طور پر ان سے ٹپس لیں، گرنیج نے انھیں سمجھایا کہ کامیابی کیلیے گیند کو میرٹ پر کھیلنا ضروری ہے، زیادہ جارحیت نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتی ہے، کھلاڑیوں نے ان کے مشوروں پر عمل کا عزم ظاہر کیا۔ دوسری جانب بیٹنگ کوچ ٹرینٹ ووڈ ہل بھی بیٹسمینوں کی تکنیک بہتر بنانے کیلیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.