پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کل لندن میں معرکہ آرائی

لاہور: چیمپئنز ٹرافی سے قبل پیر کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کی لندن میں معرکہ آرائی ہوگی۔ منیجر نوید اکرم چیمہ پرامید ہیں کہ وارم اپ میچ میں کھلاڑیوں کو بھرپور پریکٹس کا موقع ملے گا، انھوں نے کہا کہ پہلا مقابلہ بارش کے باعث منسوخ ہونے پر مایوسی ہوئی، پلیئرز نے بھرپور پریکٹس سے تلافی کرنے کی کوشش کی، پیر کو پروٹیز کے مقابل عمدہ کھیل پیش کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے آخری ایڈیشن کو فتح سے یادگار بنانے کی خواہاں پاکستانی ٹیم کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے کی غرض سے چند روز قبل ہی دورے پرروانہ کردیا گیا تھا، بدقسمتی سے اسکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز کا دوسرا میچ خراب موسم کے باعث نہ کھیلا جا سکا،آئرلینڈ کیخلاف بھی بارش کی مداخلت جاری رہی تاہم مقابلے مکمل ہوگئے۔انگلینڈ آمد کے بعد جمعرات کو سری لنکا سے وارم اپ میچ میں ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی، اب پاکستان کو اپنے ہتھیار آزمانے کا آخری موقع پیر کو جنوبی افریقہ کے خلاف ملے گا، منیجر نوید اکرم چیمہ نے لندن سے  فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ آئی لینڈرز کے مقابل کھلاڑیوں کو پریکٹس کا اچھا موقع مل سکتا تھا لیکن برمنگھم میں بارش کے سبب مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم نے وارم اپ میچ سے محرومی کا سخت پریکٹس سے ازالہ کرنے کی کوشش کی، ہفتے کو بھی پلیئرز نے میدان میں خاصا وقت گزارا، تمام کھلاڑی سپر فٹ اور چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کیلیے بے تاب ہیں، ابھی تک لندن کا موسم بھی خاصا خوشگوار اور امید ہے کہ پیر کو جنوبی افریقہ کیخلاف بارش کی مداخلت نہیں ہوگی، کھلاڑی عمدہ کھیل پیش کرکے اچھی میچ پریکٹس حاصل کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

تبصرے بند ہیں.