گجرات حادثہ ،مفرور ڈرائیور گرفتار

گجرات : گجرات کے علاقے منگوال میں اسکول وین میں گیس لیکیج سے آگ لگ گئی، ٹیچر اورچودہ بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے، فرار ہونیوالے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔ جاں بحق ہونیوالوں بچوں کی تدفین کر دی گئی۔گجرات میں دی جناح اسکول کی وین بچوں کو اسکول لاتے ہوئے منگوال میں راجہ کی کے مقام پر ڈرائیور نے گاڑی کو گیس سے پیٹرول پر منتقل کیا۔ منتقلی کے دوران وائرنگ میں اسپارک ہونے سے گاڑی میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ٹیچر اورچودہ بچے جاں بحق ہوگئے، چار بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، بائیس سالہ سنیہ نورین اور تیرہ بچوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ آٹھ بچوں کو جھلسی ہوئی حالت میں سی ایم ایچ اسپتال اور عزیز بھٹی شہید اسپتال گجرات منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ حادثے کے بعد وین کا ڈرائیور فرار ہوگیا، دوسری جانب اسکول انتظامیہ بھی غائب ہوگئی، اسپتالوں میں والدین اپنے بچوں کی لاشیں اور زخمیوں کو دیکھ کر روتے رہے۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تبصرے بند ہیں.