کراچی میں بھتہ خوری کا خاتمہ کردینگے ،شہبا ز

کراچی: مسلم لیگ ن کے صدر اور نامزد وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے قیام کے بعد کراچی میں بھتہ خوری، دہشت گردی اور لوٹ گھسوٹ کا خاتمہ کردیں گے۔شہباز شریف کی مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے ان کی رہائشگاہ پر ہونے والی ملاقات میں فنشکنل لیگ کی وفاقی حکومت میں شمولیت اور سندھ میں قائد حزب اختلاف کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت کے قیام کے بعد کراچی میں فوری میٹرو بس سروس شروع کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا اب کراچی میں کوئی بھتہ نہ ملنے پر کسی کی فیکٹری کو آگ نہیں لگاسکے گا۔پیر صاحب پگارا کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے بھی تمام مسلم لیگوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی کوشش کی جو اب بھی جاری ہے۔اس سے قبل کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت سازی کے حوالے سے ایم کیو ایم سے رابطہ ہے۔شہباز شریف نے پنجاب میں لوڈ شیڈنگ پر شکوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بجلی جاتی نہیں اور لاہور میں بجلی آتی نہیں۔شہباز شریف اور پیر پگارا کے درمیان ملاقات میں چوہدری نثار علی خان، سینیٹر پرویز رشید، رانا مشہود، امتیاز شیخ اور غوث بخش مہر بھی شریک تھے۔

تبصرے بند ہیں.