اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پیش نظر عوامی مسائل پر کھلی کچہریوں کے لیے سٹینڈرڈ آپریٹنگ سسٹم (ایس او پیز) کی منظوری دے دی۔دفتر وزیراعظم سے جاری اعلامیے کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر 10وفاقی وزارتوں کے 24 اداروں کے لیے ایس او پیز تیار کی گئیں، مزید یہ بھی بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کھلی کچہریوں سے متعلق پی ایم ڈیلوری یونٹ نے متعلقہ اداروں اور اعلیٰ افسران کو ہدایات جاری کردیں۔مذکورہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ان ایس او پیز کا اطلاق یکم مئی 2020 سے ہوگا، اعلامیے کے مطابق کورونا کی صورتحال کے پیش نظر فی الحال آن لائن کچہریوں کی اجازت ہو گی جبکہ حالات کی بہتری کے ساتھ ہی رو برو کچہری کا انعقاد ہوگا۔وزیراعظم کے دفتر کے مطابق آن لائن/ ای کچہری کے لیے سوشل میڈیا، ریڈیو، مقامی کیبل ٹی وی اور ویڈیو کانفرنس کا استعمال کیا جاسکے گا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے پی ایم ڈلیوری یونٹ کو کھلی کچہریوں کو مانیٹر کرنے کی ہدایت بھی جاری کیں، تاہم ساتھ ہی اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ یکم مئی کے بعد کورونا کاجائزہ لے کر آئندہ کا طریقہ طے کیا جائے گا، اس ضمن میں کہا گیا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریاں مستقل بنیادوں پر کام کریں گیں۔
تبصرے بند ہیں.