کوبانی میں بمباری سے سینکڑوں شدت پسند مارے گئے : امریکا

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے محاصرے کا شکار شام کے سرحدی شہر کوبانی کے گرد امریکی فوج کی بمباری میں سیکڑوں شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

دمشق (نیٹ نیوز) عالمی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان ریئر ایڈمرل جان کربی نے بدھ کو واشنگٹن میں صحافیوں کو بتایا کہ امریکی فوج کو یقین ہے کہ حالیہ چند روز کے دوران کوبانی کے ارد گرد اتحادی افواج کے فضائی حملوں میں سینکڑوں شدت پسند مارے گئے ہیں۔ کوبانی پر فضائی حملوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ علاقے میں شدت پسندوں کی بڑھتی ہوئی نقل و حرکت اور پیش قدمی تھی۔تاہم پینٹاگون کے ترجمان نے کہا کہ اتحادی افواج کے فضائی حملوں میں اضافے اور شدت پسندوں کو پہنچنے والے نقصان کے باوجود شہر پر دولتِ اسلامیہ کا قبضہ ہونے کا خدشہ اب بھی موجود ہے۔جان کربی نے صحافیوں کو بتایا کہ صرف گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران دولتِ اسلامیہ کے خلاف امریکہ کی قیادت میں بننے والے بین الاقوامی اتحاد نے کوبانی میں شدت پسندوں پر 40 فضائی حملے کیے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.