کوئی الیکشن جیل سے بچنے کیلئے تو کوئی نکلنے کیلئے لڑرہا ہے : بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ باقی تمام سیاسی جماعتیں اپنی ذاتی لڑائیاں لڑرہی ہیں ، کوئی الیکشن جیل سے بچنے کیلئے لڑرہا ہے تو کوئی نکلنے کیلئے، ہم الیکشن لڑرہے ہیں تو آپ کے لیے لڑرہے ہیں۔تاندلیانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئےپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے ایک بار پھر جیالے کو وزیراعلیٰ اور وزیراعظم بنانا ہے، میں آپ کا ساتھ مانگنے آیا ہوں کہ آپ ہمارا ساتھ دیں، آپ نے قائدعوام اور شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا، دنیا کی کوئی طاقت آپکا راستہ نہیں روک سکتی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کی قسمت تبدیل کریں گے، ہم معاشی بحران سے نکلیں گے، ہم مہنگائی،بیروزگار اور غربت کا مقابلہ کریں گے، اگر کوئی کام کرسکتا ہے تو صرف پیپلز پارٹی کرسکتی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ باقی سیاسی جماعتوں کے پاس کوئی منشور نہیں، ہم اس الیکشن میں عوام کیلئے 10نکاتی ایجنڈا لیکر آئے ہیں، اگر آپ پیپلز پارٹی کو جتواتے ہیں تو ان 10نکات پر عمل کروں گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ گھر گھر جاکر بتائیں ہم آپکی آمدن اور تنخواہ ڈبل کریں گے، پیپلز پارٹی کی حکومت میں 300یونٹ مفت بجلی غریب عوام کو ملے گی، پیپلز پارٹی کی حکومت میں تعلیم مفت ہوگی، یونیورسٹی قائم کروں گا، صحت کے شعبے میں مفت اور معیاری علاج ہوگا، میں چاہتا ہوں پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ میں مفت علاج دوں۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پنجاب کے لوگ جب بیمار ہوتے ہیں تو انکو لندن جانا پڑتا ہے، آپ میری حکومت بنوائیں ہم ایسی صحت کی سہولت دیں گے کہ انکو لندن نہیں جانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے مزدوروں کو بینظیر مزدور کارڈ دلوانا ہے، ہم مزدور کے بچے کی تعلیم اورروزمرہ ضرورت کی چیزیں پوری کریں گے، ہم اپنے سٹوڈنٹس کو یوتھ کارڈ اور سٹوڈنٹس لون دلوائیں گے اور جب نوجوانوں کو روزگار مل جائے گا تو وہ یہ قرض واپس کردیں گے۔بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ ہم نے نفرت،تقسیم اور پرانی سیاست کو دفن کرکے نئی سوچ لیکر آنی ہے، ہم نئی سوچ سے مسائل کا مقابلہ کریں گے، آپ نے ساتھ دیا تو جیت آپکی،تیر کی اور پیپلز پارٹی کی ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.