کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

شارجہ: 

پاکستان سپر لیگ کے فیصلہ کن راؤنڈ کے پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو سنسی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ 

شارجہ میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے احمد شہزاد کے شاندار 71 اور کیون پیٹرسن کے 40 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کے اوپپنگ بلےباز کامران اکمل اور ڈیوڈ ملان بیٹنگ کیلیے آئے لیکن کامران دوسرے ہی اوور میں ایک رنز بنا کر ذوالفقار بابر کا شکار بن گئے جب کہ اسی اوور میں تیسرے نمبر پر آنے والے مارلن سیموئلز بھی ایک رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے جس سے پشاور زلمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا لیکن محمد حفیظ اور ڈیوڈ ملان نے تیسری وکٹ کے لیے 139 رنز کی شراکت داری قائم کرکے پشاور زلمی کی پوزیشن مستحکم کی، محمد حفیظ نے 47 گیندوں پر 6 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ڈیوڈ ملان نے 30 گیندوں پر 56 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ حارث سہیل صرف 6 رنز ہی بناسکے۔

شاہد آفریدی نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف بلند وبالا چھکے لگا کر شائقین کو نہ صرف تفریح فراہم کی بلکہ 13 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن بوم بوم آفریدی کی اننگز ٹیم کو فتح نہ دلاسکی اور ان کے بعد پشاور زلمی کی بیٹنگ سوکھے پتوں کی طرح بکھر گئی۔

میچ کے اختتامی لمحات میں کوئٹہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پشاور زلمی کے بلے بازوں کو ہاتھ نہ کھولنے دیئے، پشاور زلمی کو آخری اوور میں صرف 7 رنز درکار تھے جس میں پہلی گیند ضائع کرنے کے بعد ڈیرن سیمی نے دوسری گیند پر چوکا لگا کر میچ مزید آسان کردیا لیکن تیسری گیند پر سنگل لینے کی غلطی وہ کبھی نہیں بھلا سکیں گے کیوں کہ اگلی 3 گیندوں پر تینوں کھلاڑی آؤٹ ہوگئے اور سیمی وکٹ کی دوسری طرف بے بس کھڑے رہے جس سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فتح پشاور زلمی سے چھین کر ایک رن سے میچ اپنے نام کرلیا۔ احمد شہزاد کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

تبصرے بند ہیں.