Latest National, International, Sports & Business News

کوئٹہ: جوڑے کو قتل کرنے والے 20 افراد گرفتار، قبیلے کے سربراہ کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواح میں پسند کی شادی پر جوڑے کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم بشیر احمد سمیت 20 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزمان میں ستکزئی قبیلے کے سربراہ شیرباز ستکزئی، ان کے 4 بھائی اور 2 محافظ بھی شامل ہیں، واقعے کا مقدمہ ہنہ اوڑک تھانے میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، عدالت نے شیرباز ستکزئی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ڈان نیوز کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری میں عیدالاضحیٰ سے 3 روز قبل قتل کیے گئے جوڑے بانو ستکزئی اور احسان اللہ سمالانی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 20 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم بشیر احمد اور ستکزئی قبیلے کے سربراہ سردار شیر باز ستکزئی، ان کے 4 بھائی اور 2 محافظ بھی شامل ہیں، کوئٹہ پولیس نے کیس کو مزید تحقیقات کے لیے سیریس کرائمز انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کردیا۔دریں اثنا، کوئٹہ کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد مبین نے مقدمہ قتل میں نامزد قبائلی سردار شیرباز ستکزئی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، شیربازستکزئی کوسخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیاگیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.