ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں دوماندہ پل کےقریب نجی کمپنی کے 11ملازمین کو اغوا کرلیا گیا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق تین گاڑیوں میں سوار 16 ملازمین اسلام آباد سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ راستے میں اغوا کاروں نے دو گاڑیوں کو روک لیا اور اُن میں سوار 11 افراد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تعاقب کے دوران چھ ملازمین کو بازیاب کرا لیا، تاہم پانچ افراد تاحال لاپتا ہیں، اغوا کاروں کے بارے میں ابھی تک کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں کہ وہ مغویوں کو کہاں لے گئے ہیں۔مغوی ملازمین کی بازیابی کے لیے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔دوسری جانب گھوٹکی کے علاقے رونتی میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے دو مغوی بھائیوں کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔بازیاب کرائے گئے دونوں بھائی پچیس روز قبل سرحد کے علاقے میں مچھلی فارم سے اغوا کیے گئے تھے۔
تبصرے بند ہیں.