کمزور بیٹنگ کو قدموں پر کھڑا کرنے کی کوشش شروع

ایبٹ آباد: قومی کرکٹ ٹیم کی کمزوربیٹنگ کو قدموں پر کھڑا کرنے کی کوشش شروع کردی گئی، تربیتی کیمپ کے دوسرے روز سابق کپتان جاوید میانداد پلیئرزکو سبق پڑھاتے رہے۔ مصباح الحق، ناصر جمشید، عمرامین اور اسد شفیق ان کی خاص توجہ کا مرکز بنے، ٹیل اینڈرز بھی اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم کی رہنمائی میں بطور بیٹسمین مزاحمت کے گُر سیکھتے رہے، وسیم اکرم نے فاسٹ بولرز کی کوچنگ کرنے کے ساتھ بیٹسمینوں کا حوصلہ بھی بڑھایا، سابق شہرہ آفاق پیسر نے ایونٹ میں پاکستان کی فتح کے امکانات روشن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹنگ لائن ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرے تو بولرز جیت کی راہ ہموار کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، اتوار کو40اوورز فی اننگز پرمشتمل پریکٹس میچ کھیلا جائے گا، فاسٹ بولر جنید خان اورمنیجر نوید اکرم چیمہ بھی کیمپ میں پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلیے جاری تربیتی کیمپ کے دوسرے روزپہلے سے ہی ایبٹ آباد میں موجود جاوید میانداد کے بعد وسیم اکرم بھی اسٹیڈیم پہنچے، دونوں سابق کپتان 4گھنٹے پر محیط ٹریننگ سیشن کے دوران کیمپ کی کمان سنبھال کر کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے رہے،اس دوران کوچ ڈیو واٹمور اور بولنگ کے شعبے میں معاون محمد اکرم نے زیادہ مداخلت مناسب نہیں سمجھی اور ایک طرف بیٹھ کر ساری سرگرمیاں دیکھتے رہے، فاسٹ بولر جنید خان نے دیگر کرکٹرز کو جوائن کرلیا جبکہ منیجر نوید اکرم چیمہ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں،یوں تو کھلاڑیوں نے بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقوں میں بھی حصہ لیا تاہم زیادہ توجہ بیٹنگ پریکٹس پر رہی۔

تبصرے بند ہیں.