کرکٹ تاریخ کا ایک اور سانحہ، سینے پر گیند لگنے سے بلے باز ہ

لندن: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والا کھلاڑی بولن پتھ مناتھن برطانوی برٹش تامل لیگ کے ایک میچ کے دوران بلے بازی کر رہا تھا کہ اسی دوران ایک گیند اس کے سینے پر جا لگا جس پر وہ شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمی لڑکے کو طبی امداد دینے کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بولن پتھ مناتھن کے ساتھ بیٹنگ کرنے والے ساتھی نے بتایا کہ جب اسے گیند لگی تو میں نے اسے پوچھا کہ کیا تم ٹھیک ہو؟ اس نے مجھے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹھیک ہوں تاہم پھر وہ اپنا سینہ پکڑے وکٹ کے پیچھے دو قدم چلا اور اچانک گر پڑا۔       خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں بھارتی ریاست بنگال کے نوجوان کرکٹر انکت کیشری کرکٹ کے میدان میں چوٹ لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔ انکت کو 17 اپریل کو بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک ایک روزہ میچ کے دوران چوٹ لگی تھی جس کے بعد وہ تین دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہے تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ 20سالہ انکِت بنگال انڈر 19 کے کپتان رہے تھے اور 2014ء میں متحدہ عرب امارات میں انڈر 19 کے ورلڈ کپ میں 30 رکنی بھارتی ٹیم کے رکن تھے۔ اس میچ میں وہ بارھویں کھلاڑی تھے لیکن ایک اور کھلاڑی ارنب نندی کے بریک لینے کے سبب وہ میدان میں اترے تھے۔ کیشری کور پر فیلڈنگ کر رہے تھے جیسے ہی وہ کیچ پکڑنے بھاگے دوسری جانب سے سارب مونڈل بھی لپکے اور اسی دوران دونوں میں ٹکر ہو گئی۔       اس سے قبل آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز سڈنی میں آسٹریلین فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک میچ کے دوران سر پر گیند لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔ انھیں نیو ساؤتھ ویلز کے بولر شان ایبٹ کا باؤنسر لگا تھا جس کے نتیجے میں وہ پچ پرگر پڑے تھے۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے آسٹریلوی بیٹسمین کو گیند لگنے کے بعد سٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا اور پھر فوراً ایمبولنس پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی سرجری ہوئی اور انھیں کوما میں رکھا گیا تاہم وہ بھی زخموں کی تاب نہ لا سکے اور اپنے خاندان اور کرکٹ دنیا کو افسردہ کر گئے۔   –

تبصرے بند ہیں.