کرکٹرزسے مایوس قوم کو ہاکی ٹیم کا تحفہ؛ پاکستان مسلسل دوسری بار ایشین ہاکی چیمپین بن گیا

پاکستان نے ایشیئن ہاکی چیمیئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں جاپان کو 3-1 سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔ جاپان کے شہر کاکا میگارا میں کھیلا گیا فائنل میچ بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا۔ کھیل کے دوران پہلے ہاف میں قومی ٹیم جارحانہ کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکتی اور پہلے ہاف کے اختتام تک جاپان کا 1-0 سے پلڑا بھاری رہا تاہم دوسرے ہاف میں پاکستانی کھلاڑیوں نے کھیل میں زبردست واپسی کی اور جاپان کے گول پوسٹ پر پے در پے حملےکئے اور میچ ایک کے مقابلے میں 3 گول سے اپنے نام کرکے مسلسل دوسری بار ایشیئن ہاکی چیمپئن بن گیا۔ پاکستان کی جانب سے رضوان سینئر، حماد بٹ اور حسیم خان نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ ایشیئن ہاکی چیمیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، عمان، چین، ملائشیا اور جاپان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان نے پہلے میچ میں عمان کو، دوسرے میں چین کو تیسرے میچ میں ملائیشا کو جبکہ چوتھے میں بھارت کو ہرایا تھا۔ واضح رہے کہ اب تک 3 ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کھیلی جاچکی ہیں جس میں دو پاکستان جب کہ ایک بھارت نے جیتی۔ پہلی ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان، دوسری ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے بھارت کو جب کہ تیسرے ٹورنامنٹ میں آج پاکستان نے جاپان کو شکست دی ہے۔

تبصرے بند ہیں.