کراچی: پٹیل پاڑہ میں بم بنانے کے دوران ہلاک ہونے والوں کی شناخت ہوگئی، مقدمہ درج

کراچی: گزشتہ روز پٹیل پاڑہ کے ایک مکان میں بم بنانے کے دوران دھماکے سے ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔ جمشید کوارٹر پولیس کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والے دو افراد کی شناخت سبحان اور نعیم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ایک شخص کی شناخت گزشتہ روز ہی متین کے نام سے ہوگئی تھی، سبحان اور نعیم اپنے اہل خانہ کے ہمراہ لائنز ایریا میں رہتے تھے اور کپڑوں کی دھلائی کے پیشے سے وابستہ تھے۔ دونوں افراد کے لوحقین نے لاشوں کی حوالگی کے لئے جمشید کوارٹر تھانے میں درخواست دے دی ہے۔ تھانے میں درج کی جانے والی ایف آئی آر کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے چاروں افراد کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے،مقدمے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں، دھماکا جس عمارت میں ہوا وہ ایک ہفتے قبل ہی ملزمان نے کرائے پر حاصل کی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پٹیل پاڑہ میں ایک رہائشی عمارت کی تیسری منزل پر واقع فلیٹ میں چار شر پسند بم تیار کررہے تھے کہ ڈیوائس کی تبدیلی کے دوران بارودی مواد پھٹ گیا جس سے دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کےلئے سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک زخمی دم توڑ گیا جبکہ زخمی عمران کو حساس اداروں کے اہلکاروں نے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

تبصرے بند ہیں.