لاہور سمیت بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ جاری

لاہور سمیت بالائی پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور عوام کی بڑی تعداد موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے گھروں سے باہر نکل آئی ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ دو روز سے جاری بارشوں کی وجہ سے گرمی میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور عوام لوڈ شیڈنگ کے عذاب کو وقتی طور پر بھول گئے ہیں ۔ گزشتہ روز کی طرح آج بھی لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے عوام خوب لطف اندوز ہورہے ہیں، چھٹی کا دن ہونے کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد نے تفریح گاہوں کا رخ کرلیا ہے جبکہ بعض مقامات پر بچے اور نوجوان گلیوں اور سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب کئی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث لوگوں کے لئے مشکلات بھی پیدا ہوگئی ہیں، واسا حکام کی جانب سے بارش کا پانی نکالنے کے لئے کی جانے والی کارروائیاں ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ اس کےعلاوہ گوجرانوالا میں بھی ہفتے اور اتوار کی رات وقفے وقفے سے 4 گھنٹے تک بادل برستے رہے جبکہ پسرور، نارووال ،سمبڑیال، کامونکی، سیالکوٹ، بھکر اور جہلم میں بھی صبح سے ہی مینہ برس رہا ہے۔ پنجاب کے علاوہ خیبر پختونخوا،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی حصوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

تبصرے بند ہیں.