مون سون بارشیں: پنجاب میں سیلاب سے درجنوں دیہات زیرآب، سیکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ

پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال کے نتیجے میں درجنوں دیہات زیرآب جبکہ سیکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ گوجرانوالہ ریجن میں چار گھنٹوں کی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے کامونکی کے قریب نالہ ڈیک میں 40 فٹ چوڑا شگاف پڑ نے سے سیکڑوں ایکڑ اراضی پر پھیلی فصلیں تباہ ہو گئیں ہیں شگاف کو پر کرنے کے لئے مقامی طور پر کارروائیاں جاری ہیں ۔ نارووال میں نالہ بسنتر کے پانی نے بھی بے قابو ہوکر کھڑی فصلوں اور دیہات کا رخ کرلیا ہے،4،4 فٹ تک کھڑے پانی کی وجہ سے کئی دیہات کے مکین محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ قلعہ احمدآباد کے مقام پر نالہ ڈیک میں طغیانی کے باعث ظفروال سیالکوٹ روڈ زیرآب آنے سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی ہے، سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال میں نالہ ایک میں طغیانی کے باعث سیکڑوں ایکڑ پر پھیلی فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ گجرات کے نالہ ایلسی میں شدید طغیانی کے باعث حفاظتی بند ٹوٹنے سے درجنوں دیہات زیرآب آگئے ہیں۔ مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں میں بھی پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا ہے، فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق کالا باغ کے مقام پر دریائے سندھ میں بہاؤ پانی کی آمد 2 لاکھ 54 ہزار 600 ، اخراج 2 لاکھ 46 ہزار ایک سو ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث اگلے 24 گھنٹوں میں درمیانے درجے کا سیلاب آسکتا ہے، دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 18 ہزار 800 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کے سیلاب کی صورت حال ہے۔

تبصرے بند ہیں.