کراچی پر پیپلزپارٹی کا راج،مرتضیٰ وہاب میئر منتخب

شہر قائد کے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے انتخاب کا عمل مکمل ہوگیا، جس میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہوگئے ہیں جبکہ ڈپٹی میئر کا تاج بھی پیپلزپارٹی کے سلمان عبداللہ کے سر سج گیا ہے۔میئر کراچی کیلئے پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کے درمیان مقابلہ ہوا، شو آف ہینڈز کے ذریعے ووٹنگ کی گئی۔غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لیکر میئر کراچی منتخب ہوئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم نے 161 ووٹ حاصل کئے ہیں۔دوسری جانب ڈپٹی میئر کا الیکشن بھی پیپلز پارٹی جیت گئی، سلمان عبداللہ مراد 173 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے ہیں۔آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ سٹیشن قرار دیا گیا تھا، جہاں ووٹنگ کیلئے اراکین کی آمد صبح 9 بجے سے جاری تھی اور مختلف اوقات میں 300 سے زائد ارکان کے پولنگ سٹیشن پہنچنے کے بعد آڈیٹوریم کے دروازے بند کر دیئے گئے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے میئر کراچی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کیلئے شو آف ہینڈز کرایا گیا، جس کے بعد انہیں ووٹ دینے والوں کی گنتی اور اندراج کیا گیا، بعد ازاں حافظ نعیم الرحمان کیلئے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوا اور غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کو 173 اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 161 ووٹ ملے۔حافظ نعیم الرحمان نے انتخابی عمل پر سوال اٹھا دیئے، انہوں نے کہا کہ فری فئیر الیکشن کیسے ہوگا جب 30 منتخب بندے کہیں نہیں ہیں، ایسی اطلاع ہے کہ انہیں لاپتہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان غائب اراکین پر تشدد کی بھی اطلاعات ہیں، یہ الیکشن کمشنر کی ذمہ داری تھی کہ آپ سب کو یہاں حاضر کرواتے۔پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان نے ایک دوسرے پر شدید پتھراؤ کیا، حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی کوششیں جاری ہیں، پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.