کراچی میں انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگ گیا، سیکریٹری الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کے الزامات کے پیش نظر کراچی میں انتخابات پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ انہوں نے قوم سے شفاف انتخابات کے انعقاد کا وعدہ کیا تھا تاہم کراچی میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے پیش نظر اس کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ دھاندلی سے بہتر ہے کہ انتخابات نہ ہوں، تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے اس لئے کراچی میں انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے اجلاس طلب کیا ہے جس میں تمام صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد الیکشن کمیشن قوم کو تمام حقائق سے آگاہ کرےگا۔ دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم نے کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سے ٹیلیفونک بات چیت کے دوران سیکیورٹی انتظامات پر شدید تحفطات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں پولنگ عملے کو دھمکیاں اور انتخابی سامان پر قبضے کی کوششیں کی گئیں، شہر کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ شروع ہونے میں تاخیر کی وجہ بھی سامان کا چھن جانا تھا۔ واضح رہے کہ کراچی میں انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں نے انتخابات میں دھاندلیوں کا الزام عائد کیا اورمبینہ دھاندلیوں کے خلاف جماعت اسلامی، مہاجر قومی موومنٹ، جے یو پی اور سنی اتحاد کونسل نے انتخابات کا بائیکاٹ بھی کیا جبکہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) نے ایک حلقے میں انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔

تبصرے بند ہیں.