کراچی حصص مارکیٹ،23600پوائنٹس کی حد بحال

کراچی: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو کاروباری صورتحال اتارچڑھاؤ کے بعد ملے جلے رحجان سے دوچاررہی لیکن اسکے باوجود انڈیکس کی 23600 کی حد بحال ہوگئی۔ کاروبار کے دوران کے ایس ای100 اور کے ایس ای30 انڈیکس میں اضافے سے 47 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں لیکن کے ایم آئی30 انڈیکس میں کمی کے سبب حصص کی مالیت میں24 کروڑ 26 لاکھ 54 ہزار947 روپے کی کمی واقع ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس44.36 پوائنٹس کے اضافے سے23639.97 اور کے ایس ای 30 انڈیکس48.16 پوائنٹس کے اضافے سے18120.57 ہوگیا لیکن اس کے برعکس کے ایم آئی30 انڈیکس 13.92 پوائنٹس کی کمی سے 39263.68 ہوگیا ۔جو مارکیٹ میں ملے جلے رحجان کا باعث بنا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت45.39 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر15 کروڑ5 لاکھ36 ہزار 190 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار369 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 173 کے بھاؤ میں اضافہ، 165 کے داموں میں کمی اور 31 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ٹریڈنگ کے دوران این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر32 لاکھ85 ہزار83 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جبکہ غیرملکیوں کی جانب سے 1لاکھ9 ہزار654 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے8 لاکھ48 ہزار751 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے33 ہزار592 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے22 لاکھ93 ہزار86 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

تبصرے بند ہیں.