کراچی اسٹاک مارکیٹ میں طویل دورانیے کے بعد تیزی،2نفسیاتی حدیں بحال

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں طویل دورانیے کے بعد پیر دوبارہ تیزی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس کی22800 اور22900 کی دوحدیں بحال ہوگئیں۔ تیزی کے سبب71 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں40 ارب6 کروڑ17 لاکھ20 ہزار144 روپے کا اضافہ ہوگیا، اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئندہ دو ماہ کے لیے نئی مانیٹری پالیسی اعلان ایک ہفتے کے لیے موخر ہونے اور ڈسکاؤنٹ ریٹ میں اضافہ نہ ہونے کی اطلاعات کے علاوہ سیمنٹ کی فی بوری قیمت 25 تا30 روپے بڑھنے کی خبروں نے مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب کیے اور تیزی کے ریلے کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے بیشترشعبوں نے انڈیکس کے تمام آئٹموں میں وسیع پیمانے پر خریداری کی جس سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی اور ایک موقع پرانڈیکس419.78 پوائنٹس کے اضافے سے23100 کی حد بھی عبور کرگیا تھا ۔ تاہم ٹریڈنگ کے دوران فوری منافع کے حصول کے لیے وقفے وقفے سے حصص کی فروخت بڑھنے اور نئی مانیٹری پالیسی کے تحت ڈسکاؤنٹ ریٹ نہ بڑھنے کی اطلاعات سے بینکنگ سیکٹر کے حصص میں فروخت کا رحجان غالب رہا جس سے انڈیکس کی مذکورحد کو برقرار رہنے میں مزاحمت کا سامنا رہا، تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر43 لاکھ86 ہزار837 ڈالر کا انخلا کیا گیا جبکہ غیرملکیوں کی جانب سیایک لاکھ40 ہزار322 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے30 لاکھ83 ہزار778 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے11 لاکھ34 ہزار557 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے28 ہزار186 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔ تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس207.56 پوائنٹس کے اضافے سے 22922.24 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 191.84 پوائنٹس کے اضافے سے17809.05 اور کے ایم آئی30 انڈیکس530.34 پوائنٹس کے اضافے سے39398.58 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت18 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر20 کروڑ22 لاکھ81 ہزار790 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار362 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں256 کے بھاؤ میں اضافہ 88 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں وائتھ پاکستان کے بھاؤ 126.18 روپے بڑھ کر2549.97 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھاؤ52.87 روپے بڑھکر1110.32 روپے ہوگئے جبکہ اٹلس بیٹری کے بھاؤ17.19 روپے کم ہوکر370 روپے اور ٹریٹ کارپوریشن کے بھاؤ14.18 روپے کم ہوکر269.56 روپے ہوگئے۔

تبصرے بند ہیں.