کراچی:ایم کیو ایم کا کارکنوں کے قتل کیخلاف یوم سوگ، پبلک ٹرانسپورٹ، کاروباری مراکز بند

ایم کیو ایم کی جانب سے کارکنوں کے قتل کے خلاف آج کراچی میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کارو باری مراکز تعلیمی ادارے اور پٹرول اسٹیشنز بھی بند ہیں۔

کراچی:() ایم کیو ایم آج کارکنوں کے قتل کے خلاف یوم سوگ منا رہی ہے۔ کراچی میں سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب تعلیمی ادارے اور پٹرول اسٹیشنز بند ہیں۔ گڈز ٹرانسپورٹرز نے کراچی سے ملک بھر میں ہر قسم کے سامان کی ترسیل بھی مکمل بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ تاجر انجمنوں نے بھی آج مارکیٹیں تجارتی مراکز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں دکانیں اور ہوٹل بھی بند ہیں۔ پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ کے اعلان کے بعد پرائیویٹ اسکولز بھی بند ہیں۔ جامعہ کراچی میں آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ ناظم امتحانات کے مطابق پرچوں کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ گذشتہ روز ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایم کیو ایم کے دس کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا جبکہ پینتالیس کارکن لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل اور کئی کارکنوں کو لاپتہ کئے جانے کے خلاف یوم سوگ منانے کا اعلان کیا۔ حیدر عباس رضوی نے آپریشن کی نگرانی کیلئے نگراں کمیٹی کے قیام اور کارکنوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

تبصرے بند ہیں.