کراچی، صنعتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 گھنٹے کم
کراچی: کے ای ایس سی نے شہر کے پانچوں صنعتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے سے کم کرکے4 گھنٹے کردیا ہے۔ کے ای ایس سی نے گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی ہدایت اور صوبائی وزیر صنعت وتجارت خالدتواب کی کاوشوں سے شہر کے پانچوں صنعتی علاقوں کورنگی، لانڈھی،سائٹ،نارتھ کراچی اور فیڈرل بی ایریا میں جاری 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 4 گھنٹے کردیا ہے۔ صوبائی وزیر خالد تواب نے بتایا کہ 2 روز کے بعد 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ بھی ختم کردی جائے گی اور صنعتوں کو بلاتعطل بجلی دی جائیگی۔صنعتکاروں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان اور خالدتواب کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ کاٹی کے سرپرست اعلٰی ایس ایم منیر، وائس چیئرمین نجم العارفین اور نیاز احمد نے انڈسٹریل ایریا میں دن میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ لوڈ شیڈنگ سے صنعتی اہداف کو حاصل کرنے میں دشواری پیش آ رہی تھی۔ چیئرمین کاٹی زبیر چھایا نے کہا کہ دن کے اوقات کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے سے برآمدی اہداف کی تکمیل بروقت ہوسکے گی۔
تبصرے بند ہیں.