ڈی آئی خان جیل پر دہشت گردوں کا حملہ،40دھماکے،250قیدی بھاگ نکلے

ڈیرہ اسماعیل خان : دہشت گردوں نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان کی سینٹرل جیل پر حملہ کردیا۔ جس کے بعد دو سو تینتالیس قیدی فرار ہوگئے۔ کارروائی میں پانچ پولیس اہل کاروں سمیت گیارہ افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایک خودکش حملہ آور مارا گیا۔ ڈی آئی خان اور ٹانک میں غیرمعینہ مدت تک کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ رات کی تاریکی میں دہشت گردوں نے سینٹرل جیل پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جیل میں ڈیڑھ سو سے زائد دہشت گرد قید تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، حملہ آور آٹھ گاڑیوں میں سوار ہو کر آئے۔ دہشت گردوں کے جیل میں داخل ہوتے ہی فائرنگ اور دھماکے شروع ہوگئے۔ یکے بعد دیگر چالیس دھماکوں سے پورا علاقہ گونچ اٹھا۔ دھماکوں سے جیل کے مرکزی دروازے اور دفاتر میں آگ لگ گئی۔ بارودی مواد سے لیس دہشت گردوں کے ساتھی جیل کے باہر بھی موجود تھے جہاں سیکیورٹی فورسز کے مقابلے میں گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور مارا گیا۔ خودکش حملہ آور کی ہلاکت کے ساتھ ہی بارودی مواد سے بھری گاڑی بھی تباہ ہوگئی۔ سیکیورٹی فورسز نے ٹاؤن ہال کےقریب بیس کلووزنی بم بھی ناکارہ بنا دیا۔ پولیس اہل کاروں کی شہادت بکتر بند کو نشانہ بنانے سے ہوئی۔ حملے میں نجی اسپتال کا گارڈ اور راہگیر بھی جاں بحق ہوئے۔ حملے کے بعد ڈی آئی خان اور ٹانک شہروں میں غیرمعینہ معدت تک کرفیو نافذ کردیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.