چین کے شہر تیانجن میں دھماکے سے ہلاک افراد کی تعداد 20 ہو گئی، 400 سے زائد زخمی

بیجنگ: چین کے شہر تیانجن کے پیٹرول اسٹوریج میں ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہو گئی جب کہ 400 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق تیانجن میں پیٹرول اسٹوریج کی جگہ پرزور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہو گئی جب کہ 400 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں فائر فائٹرز بھی شامل ہیں۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

چین کے زلزلے پیما مرکز کا کہنا ہے کہ پہلے دھماکے کی شدت 3 ٹن بارودی مواد کے پھٹنے کے برابر جب کہ دوسرے دھماکے کی شدت 21 ٹن باروی مواد کے برابر تھی۔ دھماکے کے باعث قریبی عمارتوں میں  بھی آگ لگ گئی جنھیں فوری طور پر خالی کروا کر آگ بجھائی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی چین کے صوبے ہیبی میں بھی غیر قانونی آتش گیر مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکے سے 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.