چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 کا میدان سج گیا، فیصل آباد جلوے بکھیرنے کو تیار

موہالی: چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 کوالیفائنگ راؤنڈ کا میدان سج گیا، ملکی میدانوں پر غلبے کے بعد فیصل آباد وولفز عالمی سطح پر جلوے بکھیرنے کو تیار ہے، منگل کو پہلے مقابلے میں اوٹاگو وولٹس کو نشانہ بنانے پرتوجہ مرکوز کرلی، مصباح الحق، سعید اجمل اور احسان عادل نے ٹیم کو جوائن کرلیا، کھلاڑی ایونٹ میں ڈیبیو کو فتوحات سے یادگار بنانے کیلیے پُرعزم ہیں۔ دوسرے میچ میں سری لنکن چیمپئن کنڈورتا میرونز کا ٹکراؤ آئی پی ایل سائیڈ سن رائزرز حیدرآباد سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز لیگ میں پاکستانی ڈومیسٹک چیمپئن فیصل آباد وولفز اپنے سفر کا آغاز کوالیفائنگ راؤنڈ میں نیوزی لینڈ کی چیمپئن ٹیم اوٹاگو وولٹس کیخلاف کرے گی، وہ پہلی بار اس ایونٹ میں شریک ہے، گذشتہ برس سیالکوٹ اسٹالینز نے چیمپئنز لیگ کیلیے کوالیفائی کیا تھا۔ دوسری جانب وولٹس ٹورنامنٹ کے 2009 سے آغاز کے بعد ایک بھی مرتبہ مین ایونٹ میں جگہ نہیں بنا پائی۔ وولفز میں کئی ایسے پلیئر موجود جو ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرسکتے ہیں، قیادت مصباح الحق کے ہاتھوں میں ہے، ان کی گذشتہ 18 ماہ کے دوران محدود اوورز کے میچز میں کارکردگی بہترین رہی، انھیں خطرناک اسپن ہتھیار سعید اجمل کا ساتھ حاصل ہے۔ ان کی پرفارمنس اس بات کے تعین میں اہم کردار ادا کریگی کہ ٹیم ٹورنامنٹ میں کتنا دور تک جاتی ہے، احسان عادل اور اسد علی کو بھی انٹرنیشنل کرکٹ کا مختصر تجربہ حاصل ہے۔ دوسری جانب اوٹاگو کے کپتان ڈیریک ڈی بوڈیر اور ٹیم میں قومی قائد برینڈن میک کولم، ریان ٹین ڈوچے، ای ین بٹلر، نیل واگنر اور ناتھن میک کولم شامل ہیں۔ فیصل آباد وولفز نے ملکی ایونٹ کے فائنل میں مضبوط سائیڈ سیالکوٹ اسٹالینز کو پچھاڑ کر اس ٹورنامنٹ کیلیے کوالیفائی کیا تھا، توجہ کا مرکز آصف علی ہونگے جنھوں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں 152 رنز 50.66 کی اوسط سے بنائے تھے۔ اس ایونٹ میں احسان عادل 5 میچز میں 12 وکٹیں لے کر ٹاپ بولر رہے تھے۔ ٹیم کے کوالیفائنگ میچز پی سی اے اسٹیڈیم موہالی میں ہونگے، نائب کپتان محمد سلمان کا کہنا ہے کہ مصباح اور سعید اجمل کے سوا باقی ساری ٹیم نوجوان پلیئرز پر مشتمل اور سب بہترین کارکردگی کیلیے بے چین ہیں۔ اسی روز سری لنکن سائیڈکنڈورتا میرون کا مقابلہ آئی پی ایل ٹیم سن رائزرز حیدرآباد سے ہوگا، کمارسنگاکارا کا معاہدہ اسی آئی پی ایل ٹیم سے تھا مگربورڈ نے انھیں اپنے ملک کی نمائندگی پر راضی کیا، دونوں ٹیموں میں کئی انٹرنیشنل پلیئرز موجود ہیں۔

تبصرے بند ہیں.