چیمپئنز لیگ، چنئی سپرکنگز نے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا

رانچی: چنئی سپرکنگز نے چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 کے سیمی فائنلز میں جگہ بنالی، آسٹریلوی اوپنر مائیکل ہسی کی برق رفتار ففٹی کی بدولت میزبان فرنچائز نے برسبین ہیٹ کو 8وکٹ سے مات دیدی۔ دوسرے مقابلے میں حیدرآباد سن رائزرز کو جنوبی افریقی سائیڈ ٹائٹنز نے ہرادیا، فاتح ٹیم کے جیکس روڈلف ایک رن کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہیں کرپائے البتہ کپتان ہنری ڈیوڈز نے 42 گیندوں کا سامناکرتے ہوئے 64کی اننگز کھیلی۔ تفصیلات کے مطابق چنئی سپرکنگز نے چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی20 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز پالیا، میزبان فرنچائز نے برسبین ہیٹ کو 8وکٹ سے مات دی، ناکام سائیڈ نے 7 وکٹ پر 137کامجموعہ ترتیب دیا،بین کٹنگ نے 42رنز ناٹ آئوٹ بنانے کیلیے 5 سکسر بھی جڑے، کرس ہارٹلی35، کرس لیون29 اورجیمز ہوپس20رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔موہت شرمااور رویندرا جڈیجا نے 2،2 کھلاڑیوں کو قابوکیا، چنئی نے ہدف تک رسائی میں محض دو وکٹوں کا نقصان برداشت کیا، ٹیم نے 15.5 اوورز میں140رنزبنالیے، مائیکل ہسی نے 57 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، دھونی 13 پر ناٹ آئوٹ رہے، مرالی وجے 42 اور سریش رائنا23رنز بناکر میدان بدر ہوئے۔ دوسرے مقابلے میں حیدرآباد سن رائزرز کو جنوبی افریقی سائیڈ ٹائٹنز نے 8وکٹ سے آئوٹ کلاس کردیا۔ میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹ گنواکر145رنز اسکور بورڈ پر سجائے،کپتان شیکھردھون نے 37رنز بنائے، اوپنر پارتھیو پٹیل بھی 26رنز بنانے میں کامیاب رہے، اننگز کے اختتامی مرحلے پر ڈیل اسٹین نے 12 گیندوں پر 27 رنز ناٹ آئوٹ اسکور کرڈالے، ڈیوڈ وائس نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔ٹائٹنز نے 16.3 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 147رنز بٹورلیے، جیکس روڈلف ایک رن کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہیں کرپائے، وہ 49رنز پر ناقابل شکست رہے، کپتان ہنری ڈیوڈز نے 64کی اننگز کھیلی، ابراہم ڈی ویلیئرز صرف 9رنز بناسکے۔

تبصرے بند ہیں.