چیئرمین بورڈ سے ملاقات؛ منیجر نے ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ کی مخالفت کردی

لاہور: ٹیم منیجر معین خان نے نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو دورئہ زمبابوے کی رپورٹ پیش کر دی۔ انھوں نے اسکواڈ میں اکھاڑ پچھاڑ کی مخالفت کی ہے، ان کے مطابق کپتان مصباح الحق کے بجائے ان کی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، سابق قائد نے محمد حفیظ کو پاکستان کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے متواتر ناکامیوں کے باوجود ٹیسٹ کھلاتے رہنے کا کہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق زمبابوے کیخلاف سیریز میں بطور منیجر فرائض انجام دینے والے معین خان نے بورڈ کے سربراہ کو اپنی رپورٹ پیش کردی، انھوں نے ٹیم کی بہتری کیلیے تجاویز بھی دی ہیں، سابق کپتان کے مطابق بدقسمتی سے جونیئرزتوقعات پر پورا نہ اتر سکے لیکن تجربہ کار کھلاڑیوں نے حسب معمول شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ قائم مقام چیئرمین کے ساتھ ملاقات مثبت رہی جس میں دورئہ زمبابوے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ دی ہے،انھوں نے سابقہ موقف دہراتے ہوئے کہا کہ ٹیم خراب نہیں کھیلی بلکہ ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی جبکہ ٹیسٹ سیریز برابررہی، جس ون ڈے اور ٹیسٹ میں ہمیں شکست کا سامنا رہا ان میں حریف نے بہتر کھیل پیش کر کے کامیابی حاصل کی، اسے کریڈٹ ضرور دینا چاہیے۔ معین خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں کچھ خامیاں ضرور ہیں جنھیں دور کرنے کی ضرورت ہے، اچھے نتائج کیلیے کھلاڑیوں کو مزید محنت کرنی چاہیے۔ سابق کپتان نے کہا کہ مستقبل قریب میں ہونے والی سیریز کے دوران اسکواڈ میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کے بجائے موجودہ کھلاڑیوں پر ہی انحصار کرنا ہوگا، بڑی تبدیلیاں بعض اوقات بہتری کے بجائے خرابیوں کا باعث بن جاتی ہیں۔معین خان نے کہا کہ میری رائے میں کپتان کے بجائے ان کی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، مصباح الحق سے بات ہوئی، وہ بھی میری رائے سے اتفاق کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ محمد حفیظ پاکستان کرکٹ ٹیم کا اثاثہ ہیں، متعدد بار کامیابیوں میں کلیدی کردار ادا کر چکے، زمبابوے کے دوران اگر وہ اچھا پرفارم نہیں کر سکے تو حوصلہ افزائی کرنی چاہیے،انھیں ٹیسٹ میں ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملنا چاہیے۔ ایک سوال پر معین خان نے کہا کہ گرائونڈ کے اندر ٹیم کو لڑانا میرا نہیں بلکہ کپتان کا کام ہے، البتہ آف دی فیلڈ جہاں ضرورت پڑے میں ضرور مداخلت کرتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ مصباح الحق کی بھارت سے واپسی پر مشاورت سے کیا جائے گا۔ دریں اثنا معین خان جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں بھی قومی ٹیم کے منیجر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، انھوں نے اس حوالے سے نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی پیشکش قبول کر لی،اس حوالے سے جب معین خان سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے ٹیم منیجر بنائے جانے سے لاعلمی کا اظہار کیا، البتہ یہ ضرور کہا کہ اگر پی سی بی مستقبل کی سیریز کے لیے مجھے اس عہدے پر برقرار رکھنا چاہتا ہے تو ملکی مفاد کے لیے تیار ہوں۔

تبصرے بند ہیں.