چھ سال بعد ون ڈے سیریز میں کامیابی پر قومی کرکٹرز خوشی سے سرشا

وسیم اکرم نے قومی ٹیم کی فتح پر سماجی ویب سائیٹ پر خوشی کا اظہار کیا ، حفیظ کی اظہر علی کو پہلی سیریز جیتنے پر مبارکباد

لاہور ( ) چھ سال بعد قومی میدان میں شاہینوں کی جانب سے ون ڈے سیریز میں شاندار فتح کی گونج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی سنی جا رہی ہے ۔ سابق اور موجودہ قومی پلیئرز فتح کا جشن منا رہے ہیں تو زمبابوین پلیئرز بھی ہار کے باوجود اپنے کھیل سے مطمئن نظر آتے ہیں ۔ ٹی ٹونٹی کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی مہمان ٹیم زمبابوے کو چت کر کے گرین شرٹس نے چھ سال اپنی سر زمین پر سیریز جیتنے کا مزہ چکھ لیا ۔ اس خوشی کا والہانہ اظہار مایہ ناز سابق اور موجودہ کرکٹرز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرتے دکھائی دے رہے ہیں ۔ گرین شرٹس کے سابق سٹار کپتان وسیم اکرم بھی اپنی خوشی کو سنبھال نہ پائے اور ٹوئٹر پر قومی ٹیم کی فتح پر فخر کا اظہار کیا ۔ پہلے 2 ون ڈے میچوں میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوانے والے نوجوان قومی کپتان اظہر علی نے بھی ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں سیریز کی جیت پر تمام کھلاڑیوں کی محنت اور کوششوں کو سراہا ہے ۔ قومی سکواڈ میں شاندار کم بیک کرنے والے شعیب ملک نے ٹوئٹر پر اظہر علی کی دوسرے میچ میں ذمہ دارانہ سنچری پر داد دی ۔ کرکٹ کی دنیا میں پروفیسر کے نام سے مشہور آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بھی اظہر علی کو بطور کپتان پہلی ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکبادی کاپیغام دیا ۔ دوسری جانب زمبابوے کی طرف سے دوسرے ون ڈے میں 99 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے چامو چبابا نے ٹوئٹر پر اپنی ٹیم کی ہار کو بدقسمتی قرار دیا لیکن ساتھ ہی پاکستانی نژاد زمبابوین پلیئر سکندر رضا کی عمدہ سنچری کی خوب تعریف کی ۔ –

تبصرے بند ہیں.