چوہدری شجاعت کا آرمی چیف کی تقرری پر وزیراعظم کو مشورہ، ملاقات کی اندرونی کہانی

ڈار صاحب نے آکر ڈالرکی قیمت کم کردی اب مہنگائی کم کرنے پرتوجہ ہے: چوہدری شجاعت کے مہنگائی کم کرنے کے مطالبے پر وزیراعظم کا جواب/ فوٹو مسلم لیگ ن

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چوہدری شجاعت سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا جس پر چوہدری شجاعت نے وزیراعظم سے مہنگائی کم کرنے کا مطالبہ کیا اور مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آپ مہنگائی کم کردیں، میری صحت مزید بہتر ہوجائے گی۔

لیگی رہنما کے جواب پر وزیراعظم نے کہا کہ ڈار صاحب نے آکر ڈالرکی قیمت کم کردی اب مہنگائی کم کرنے پرتوجہ ہے۔

اس پر چوہدری شجاعت  نے کہا کہ وزیراعظم صاحب،  آپ کے ساتھ کھڑے ہیں مگر عوام کو ریلیف دیں، تیل کی قیمتوں میں کمی لائیں اور کھانے پینےکی اشیاء کی قیمتیں کم کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ اس دوران چوہدری شجاعت نے وزیراعظم کو آرمی چیف  کی تقرری پر بھی مشورہ دیا اور کہا کہ یہ حساس اور قومی ذمہ داری والامعاملہ ہے،کسی کی نہ سنیں اور آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔

چوہدری شجاعت کے مشورے پر وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا کہ بالکل ایسا ہی ہوگا چوہدری صاحب۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ چوہدری  شجاعت کے صاحبزادے چوہدری  سالک وزیراعظم کے ہمراہ اگلے ماہ چین بھی جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.