چوتھا ٹیسٹ : بھارت 152 پر فارغ ، انگلینڈ 3 وکٹ پر 113 ، براڈ کے 6 وکٹ

انگلینڈ نے چوتھے ٹیسٹ میں بھارت کی پہلی اننگز کے سکور 152 رنز کے جواب میں تین وکٹوں پر 113رنز بنا لئے تھے۔ بھارت کی طرف سے دھونی ، ریہانے اور ایشوین کے سوا کوئی بیٹسمین ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔

اولڈ ٹریفورڈ (ویب ڈیسک) بھارت کے کپتان دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ، اور تیز باولروں کے لئے سازگار وکٹ پر اس کے اہم بلے باز وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ صرف 8 کے مجموعی سکور پر گوتم گھمبیر چار ، مرلی وجے صفر ، ویرات کوہلی صفر اور پجارا صفر پر پیویلین لوٹ چکے تھے۔ ان چاروں کو اینڈرسن اور براڈ نے دو دو وکٹ لے کر آوٹ کیا۔ اس موقع پر دھونی نے کپتان اننگز کھیلی اور پہلے ریہانے کے ساتھ مل کر مجموعی سکور 62 تک پہنچایا ، اور اس موقع پر ریہانے 24 رنز بنا کر جورڈن کا شکار ہوئے۔ جاڈیجہ کوبھی اینڈرسن نے صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اس کے بعد ایشوین اور دھونی کے درمیان 66 رنز کی شراکت ہوئی ، اور 129 کے ٹوٹل پر ایشوین 40 سکور بنا کر براڈ کا شکار ہوئے۔ دھونی 71رنز بنا کر براڈ کی گیند پر جورڈن کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ کمار اور پنکج سنگھ کوئی رن نہ بنا سکے اور آرون ایک رن کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ بھارت کی پوری ٹیم152 پر ڈھیر ہو گئی جس میں دھونی نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن نے تین اور براڈ نے چھ وکٹیں حاصل کیں ، جب کہ ایک وکٹ جورڈن کو ملی۔ انگلینڈ کی بیٹنگ کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور 21 کے سکور پر اوپنر رابسن کمار کی گیند پر صرف چھ رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔ ان کے بعد کپتان کک 17 اوربیلانس 37 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ ان دونوں کو آرون نے آوٹ کیا۔ اس وقت بیل 45 کے سکور پر کریز پر موجود ہیں۔ اس طرح میچ کا پہلا دن انگلینڈ کے نام رہا ، اور آج دوسرے روز امید کی جا رہی ہے کہ انگلینڈ بھارت کے خلاف پہلی اننگز میں اچھی سبقت حاصل کر لے گا۔ اس وقت دونوں ٹیمیں ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں اور سیریز برابر ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.