چارملکی چیمپئن شپ، پاکستان ہاکی ٹیم آج آسٹریلیا کیخلاف مہم شروع کرے گی

کراچی:آسٹریلیا میں ہو بارٹ انٹر نیشنل چیلنج ہاکی ٹورنامنٹ ہفتے سے شروع ہوگا، جس میں پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز آسٹریلیا کے خلاف میچ سے کرے گی۔ قومی ہاکی ٹیم کی قیادت فل بیک محمد عمران کررہے ہیں۔ قومی ہاکی ٹیم نے جمعے کو ہوبارٹ کے ہاکی اسٹیڈیم میں دو گھنٹے تک پر یکٹس کی، ٹیم کے چیف کوچ شہناز شیخ نے ہو بارٹ سے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو موسم اور ماحول سے ایڈجسٹ ہونے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہے۔ موسم اچھا ہے امید ہے کہ کھلاڑیوں کو یہاں کھیلنے میں کوئی مشکلات نہیں ہوگی۔ کپتان محمد عمران نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ نئے کھلاڑی اس مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کریں گے، چار ملکی ہاکی ایونٹ میں میزبان آسٹریلیا سمیت پاکستان، نیوزی لینڈ اور کوریا کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے آمنے سامنے ہوں گی۔ آسٹریلیا اے کی ٹیم صرف دو میچ کھیلے گی ایونٹ کے ابتدائی روز دو میچوں کے فیصلے ہوں گے، پہلا میچ آسٹریلیا اے اور کوریا جبکہ دوسرا میچ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 3مئی کو آسٹریلیا اے ٹیم پاکستان، کوریا کی ٹیم میزبان آسٹریلیا کے مدمقابل ہو گی، 4مئی کو آرام کا دن ہو گا، 5مئی کو پاکستان کا مقابلہ کوریا، نیوزی لینڈ کا مقابلہ عالمی چیمپئن آسٹریلیا سے ہو گا، 6مئی کو آرام کا دن ہو گا، 7مئی کو نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا اور کوریا کی ٹیمیں نبردآزما ہوں گی، 8 مئی کو کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا، 9 مئی کو پہلے میچ میں پاکستان کا مقابلہ کوریا اور دوسرے میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا۔ 10 مئی کو نیوزی لینڈ اور کوریا، آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ ان میچوں میں سب سے زیادہ پوائنٹ حاصل کر نے والی ٹیم ایونٹ کی فاتح ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.