چارسال قبل بیروت دھماکوں سے آگاہ کردیاتھا،امریکی کنٹریکٹر

کنٹریکٹر نے 2016بیروت کی بندرگاہ کا غیرسرکاری طور پر معائنہ اوردھماکوں سے خبردارکیاتھا،امریکی افسرکی گفتگو

واشنگٹن( مانیٹر نگ ڈیسک )2016 میں بیروت کی بندرگاہ کا معائنہ کرنے والے ایک امریکی کنٹریکٹر نے امونیم نائٹریٹ کے دھماکے کی صورت میں تباہ کاریوں کے بارے میں خبردار کردیا تھا۔اسی خطرناک کیمیاوی مواد کے پھٹنے سے گذشتہ منگل کو بیروت میں زور دار دھماکا ہوا تھا۔امریکا کے موقر اخبار نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ لبنان میں امریکی سفارت خانے نے گذشتہ جمعہ کو ایک سفارتی کیبل جاری کی تھی۔اس کو غیر خفیہ (ان کلاسیفائیڈ) حساس قرار دیا گیا تھا۔اس سفارتی مراسلت میں بیروت کی بندرگاہ پر ایک گودام میں امونیم نائٹریٹ کا معائنہ کرنے والے امریکی کنٹریکٹر کی رپورٹ بھی شامل تھی۔یہ کنٹریکٹر اس وقت امریکی فوج کے ساتھ مشیر (کنسلٹنٹ)کے طور پر کام کرتا رہا تھا اور وہ 2013 سے 2016 تک لبنانی بحریہ کو بھی مشورے دیتا رہا تھا۔ ایک امریکی افسر نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس کنٹریکٹر نے بیروت کی بندرگاہ کا غیرسرکاری طور پر معائنہ کیا تھا۔اس وقت وہ امریکی حکومت یا محکمہ خارجہ کا ملازم نہیں تھا۔اس افسر کا کہنا تھا کہ محکمہ خارجہ کے پاس چار اگست کو تباہ کن دھماکوں سے قبل اس کنٹریکٹر کے بیروت بندرگاہ کے معائنے اور اس کی رپورٹ کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔

تبصرے بند ہیں.