پی پی ایل کابلوچستان میں تیل و گیس کی تلاش تیزکرنے کافیصلہ

آپریشن ضرب عضب کے باعث ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری ملک میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کا دائرہ کار پھیلانے اور نئے ذخائر کی بازیافت کا عمل تیز کرنے میں معاون ہوگی، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے رواں مالی سال کیلیے تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں میں بلوچستان میں سرگرمیاں بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر وامق بخاری نے پی پی ایل کے 64ویں سالانہ اجلاس عام کے موقع پر شیئرہولڈرز اور میڈیا سے خطاب میں کہا کہ ایک سال کے دوران سیکیورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے توانائی کے ذخائر کی تلاش کا دائرہ کار دشوار علاقوں تک بڑھانے اور سرگرمیاں تیزکرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے ملک میں توانائی کے نئے ذخائر کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے اثاثوں پر مبنی نئی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے۔

کمپنی 9علاقوں میں تیل و گیس کی تلاش اور بازیابی پر مامور ہے، ہر علاقے کیلیے ایک ٹیم مقرر کی گئی ہے، اس نظام کے ذریعے تمام علاقوں میں تیل و گیس کی دریافت یا پیداوار بڑھانے کے اہداف تیزی سے حاصل کیے جا سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی عراق میں حاصل کردہ بلاک پر جلد ہی کام شروع کر دے گی تاہم یمن کی صورتحال غیریقینی ہونے کی وجہ سے سازگار حالات کا انتظار کیا جارہا ہے۔ قبل ازیں شیئر ہولڈرز کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ سرکلر ڈیٹ کی وصولی کیلیے ہرممکن کوششیں جاری ہیں، بائیکو پٹرولیم پر واجبات کی وصولی کیلیے عدالت میں مقدمہ دائر کیا جا چکا ہے، سوئی کی فیلڈ کی مدت میں حکومت نے ایک سال کی توسیع کردی ہے، مستقبل میں بھی توسیع کی امیدہے۔

تبصرے بند ہیں.