پی سی بی عبوری چیف کا ویسٹ انڈیز جانا موخر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی نے ویسٹ انڈیز روانگی عدالتی معاملات حل ہونے تک موخر کر دی ہے، سلیکشن کمیٹی کا اعلان بھی بدستور التوا کا شکار ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی کو گزشتہ ہفتے گورننگ بورڈ کے ارکان نے ویسٹ انڈیز جانے کا مشورہ دیا تھا تاکہ وہ قومی ٹیم کی کارکردگی اور دیگر معاملات کا باریک بینی سے خود جائزہ لے سکیں، تاہم معلوم ہوا ہے کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ میں زیر التوا معاملات کی وجہ سے فوری طور پر کیریبیئن جزائر روانہ نہیں ہورہے، ذرائع کے مطابق اگرچہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجم سیٹھی کو بطور عبوری چیئرمین کام جاری رکھنے کا گرین سگنل دیتے ہوئے 90 دن میں انتخابات کروانے کی ہدایت کردی تھی لیکن کچھ قانونی امور ابھی وضاحت طلب ہیں۔عدالت کا تفصیلی فیصلہ سامنے آنے پر ہی نجم سیٹھی اپنے دائرہ اختیار کا بہتر تعین کر سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق انہیں مشورہ دیا گیا کہ ویسٹ انڈیز میں قیام کے دوران کوئی قانونی پیچیدگی سامنے آئی تو مسائل پیدا ہوں گے، لہٰذا بہتر ہوگا کہ عدالتی معاملات کی صورتحال واضح ہونے کے بعد سیریز کے کچھ میچ باقی ہوں تو دیکھنے کیلیے چلے جائیں۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ نہ آنے کی وجہ سے قومی سلیکشن کمیٹی اور سنگاپور میں شیڈول ایمرجنگ ٹیمز کپ کیلیے انڈر 23 ٹیم کا انتخاب بھی التوا کا شکار ہے۔

تبصرے بند ہیں.