پی ایس او کے پاس تیل محدود،بجلی بحران مزید بڑھ سکتا ہے،وزارت پٹرولیم کا انتباہ
اسلام آباد: وزارت پٹرولیم نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں بجلی کا بحران مزید بڑھ سکتا ہے کیونکہ پی ایس او کے پاس بجلی گھروں کو فراہمی کیلیے فرنس آئل کی مقدار انتہائی محدود ہورہی ہے اور ادائیگیاں بھی نہیں کی جارہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق وزارت کی طرف سے پانی و بجلی کی وزارت کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ادائیگیاں نہ ہونے کے باعث تیل کی فراہمی مشکل ہورہی ہے جس سے بحران مزید شدید ہوسکتا ہے۔ بجلی کے شعبے کی طرف سے پی ایس او کو ادائیگیاں نہیں کی جارہیں جس پر وزارت نے تشویش کا اظہار کیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ تیل کی فراہمی آنے والے مہینوں میں مزید کم ہوسکتی ہے اسلیے فوری طور پر تیل کی درآمد پر توجہ دی جائے، اس مقصد کے لیے فنڈز فوری طور پر جاری کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ نے پی ایس او کو 10ارب روپے جاری کیے تھے لیکن حبکو اور کیپکو نے اس میں سے 1.4ارب روپے بجلی کی قیمت کی مد میں رکھ لیے وزارت خزانہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر ساڑھے آٹھ ارب روپے جاری کرے جو 10مئی تک کے ایل سی کے لیے ہوں گے، مزید 6ارب روپے بھی جاری کیے جائیں واضح رہے کہ 11سے 13مئی تک انتخابی دنوں میں پی ایس او نے روزانہ 19ہزار ٹن تیل فراہم کیا جس سے ملک بھر میں بلاتعطل بجلی فراہم کی گئی۔
تبصرے بند ہیں.