پی آئی سی ٹی میں کنٹینرز گراؤنڈنگ کے مسائل بڑھ گئے

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل (پی آئی سی ٹی) پر کنٹینرز گراؤنڈنگ کے مسائل میں اضافے کے باعث درآمدوبرآمدکنندگان کے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل کی انتظامیہ کی نااہلی اورٹرمینل پر جگہ کی کمی کی وجہ سے درآمدی و برآمدی کنسائنمنٹس کے کنٹینرز گراؤنڈ ہونے میں تاخیر میں روزبروزاضافہ ہورہاہے جس کے باعث درآمدوبرآمدکنندگان میں شدیداضطراب کی لہرپائی جارہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے پی آئی سی ٹی پردرآمدی و برآمدی کنسائمنٹس کے کنٹینرزگراؤنڈہونے میں 5 تا 7 دن لگ رہے ہیں جس کے باعث کنسائنمنٹس کی کلیئرنس تعطل کا شکارہورہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ کسٹمزکی جانب سے کمپنیوں کے پروفائل اور ٹرمینل پر جگہ کی کمی کو نظر انداز کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کنسائنمنٹس کو ایگزامینشن کے لیے مارک کیاجا رہا ہے جس سے ٹرمینل پر درآمدی وبرآمدی کنسائنمنٹس کے کنٹینرزکی گراؤنڈنگ کا مسئلہ شدت اختیارکرگیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کنسائنمنٹس کی کلیئرنس میں تعطل کے باعث ایف بی آرکی جانب سے محکمہ کسٹمز کو دیے گئے اہداف کے مقابلے میں ڈیوٹی وٹیکسزکی وصولی کم ہو رہی ہے جبکہ ایف بی آرکو رواں مالی سال کے دوران محصولات کے اہداف میں بھی کمی کا سامنا ہے اوردوسری جانب برآمدی کنسائنمنٹس کی ایگزامینشن بروقت نہ ہونے سے بحری جہاز کنسائنمنٹس لیے بغیرچلے جاتے ہیں جس سے برآمد کنندگان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور پاکستان بھی کثیر زرمبادلہ سے محروم ہورہاہے۔

تبصرے بند ہیں.