پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 381 رنز سے شکست دیدی

ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 381 رنز سے شکست دے کرسیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ برسبین میں ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کا فیصلہ چوتھے ہی روز ہو گیا، دفاعی چیمپئن انگلش ٹیم دوسری اننگز میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 561 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 24 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے تیسرا نقصان 72 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ کھیلنے والے کیون پیٹرسن 26 رنز بنانے کے بعد مچل جونسن کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد کپتان ایلسٹر کک اور این بیل نے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، دونوں نے چوتھی وکٹ پر58 رنز کی شراکت اس موقع پر این بیل 32 رنز بنانے کے بعد پیٹرسڈل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 142 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کی آخری امید ایلسٹر کک بھی آف اسپنر نیتھن لیون کی گیند پر وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 65 رنز بنائے۔ جس کے بعد انگلینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں ، میٹ پرائر 4 ، اسٹورٹ براڈ 4 ، گریم سوان صفر، کرس ٹریملٹ 7 اور جیمز اینڈرسن 2 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ روٹ 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل جونسن سب سے کامیاب بائولر رہے انہوں نے 42 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، رائن ہیرس اور نیتھن لیون نے 2،2 جبکہ پیٹر سڈل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ مچل جونسن کو میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں فتح سے آسٹریلیا کو سیریز میں انگلینڈ کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 5 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.