پہلا ٹی ٹونٹی: پاکستان نے سری لنکا کو 29 رنز سے شکست دیدی

کولمبو کے آر پریما داسا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے تھے۔

کولمبو: () سری لنکا کی جانب سے پریرا اور تلکرتنے دلشان نے اننگز کا آغاز کیا۔ سری لنکن ٹیم کی جانب سے انتہائی مایوس کن کارکردگی دیکھنے میں آئی جب اس کے ابتدائی تینوں بلے باز جلد آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز پریرا تھے جو صرف 4 رنز بنا پائے۔ انھیں فاسٹ بولر انور علی کی گیند پر کپتان شاہد آفریدی نے کیچ آئوٹ کیا۔ 13 رنز کے مجموعی سکور پر تلکرتنے دلشان بھی چھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے سہیل تنویر کے حصے میں آئی۔ محمد رضوان نے وکٹوں کے پیچھے دلشان کا کیچ لیا۔ سری لنکا کی تیسری وکٹ 19 رنز کے مجوعی سکور پر اس وقت گری جب وتہانے صرف ایک رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ ان کی وکٹ بھی سہیل تنویر نے اڑائی۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑی اینجلو میتھوز کو عماد وسیم نے پویلین کی راہ دکھلائی۔ میتھوز نے 23 رنز بنائے۔ ڈی ایم ڈی سلوا 31 رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار بنے جبکہ سری وردانا کو بھی سہیل تنویر نے آئوٹ کیا۔ این ایل ٹی سی پریرا زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 2 رنز بنا پائے۔ سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 146 رنز بنا پائی۔ سہیل تنویر نے 3، انور علی 2 جبکہ عماد وسیم اور شعیب ملک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے مختار احمد اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب نوجوان بلے باز مختار احمد صرف دو رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہو گئے۔ اینجلو میتھیوز کی گیند پر ویندرسے نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ 52 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب محمد حفیظ 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ پریرا کی گیند پر وتہانے نے ان کا کیچ لیا۔ پاکستان کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی احمد شہزاد تھے جنہوں نے 46 رنز کی جاندار اننگز کھیلی۔ اس کے بعد شعیب ملک اور عمر اکمل نے ٹیم کو سہارا دیا. 164 کے سکور پر چوتھی وکٹ عمر اکمل کی گری جنہوں نے 46 رنز بنائے۔ سری لنکن کپتان ملنگا نے انھیں ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔
قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی آئوٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے جنہوں نے 8 رنز بنائے۔ میچ کے آخری اوور میں صورتحال اس وقت دلچسپ ہوگئی جب ڈبل رن لینے کی کوشش میں شعیب ملک رن آئوٹ ہو گئے لیکن سری لنکن ٹیم کی جانب سے کوئی اپیل نہیں کی گئی۔ شعیب ملک نے اکتیس گیندوں پر 46 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں سری لنکا کو جیت کیلئے 176 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔
واضع رہے کہ پاکستان نے ٹی ٹونٹی میچ جیت کر دو میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ اس سے پہلے پاکستان نے سری لنکا کو پانچ میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز میں تین دو سے شکست دی تھی۔

 

تبصرے بند ہیں.