پہلا ٹیسٹ آج : سپن باولنگ سے بازی جیتنے کی کوشش ہو

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آج دبئی میں دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ شروع ہو رہا ہے ، جس میں آسٹریلیا کی ٹیم فتح مند اور اعتماد کے ساتھ میدان میں آئے گی ، جب کہ کرکٹ پنڈت اسے سپین کی جنگ قرار دے رہے ہیں۔

دبئی +نیٹ نیوز) پہلے ٹیسٹ میچ کو ایک ایسی بازی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جسے دونوں ٹیمیں سپنروں کے ذریعے جیتنا چاہتی ہیں۔ سعید اجمل کے بغیر میدان میں اترنے والی پاکستانی ٹیم ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کی صلاحیتوں پر انحصار کیے ہوئے ہے۔ 35 سالہ ذوالفقار بابر کو صرف 12 بین الاقوامی میچوں کا تجربہ ہے ، تو لیگ سپنر یاسر شاہ نے تین سال قبل ایک ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی میچ کھیلے تھے۔ کپتان مصباح الحق سعید اجمل اور جنید خان کی غیر موجودگی میں پاکستانی باولنگ اٹیک کے ناتجربہ کار ہونے کے بارے میں کہتے ہیں کہ دنیا کا ہر کرکٹر جب اپنا کریئر شروع کرتا ہے وہ ناتجربہ کار ہوتا ہے۔ ادھرآسٹریلوی ٹیم تجربہ کار آف سپنر نیتھن لیون اور نئے لیفٹ آرم سپنر سٹیو اوکیف کے ذریعے پاکستانی بلے بازوں کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کو تیار ہے۔ لیون نے محدود اوورز کے میچوں میں پاکستانی بلے بازوں کو خوب تنگ کیا۔ دوسری جانب دو سپنروں کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ آسٹریلیا کو کبھی راس نہیں آیا اور اس نے سات سال میں دو سپنروں کی موجودگی میں 13 ٹیسٹ میں سے آٹھ میں شکست کھائی اور صرف ایک جیتا ہے۔ آخری چھ میں سے پانچ ٹیسٹ میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے ایک برابر رہا۔ ایشیائی وکٹوں پر آسٹریلوی ٹیم کو سپنروں کے خلاف ہمیشہ مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ گزشتہ سال بھارتی سپنروں نے آسٹریلوی بلے بازوں کی درگت بناتے ہوئے ہوم سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔ آسٹریلیا نے موجودہ سیریز کے لیے سپن ساحر مرلی دھرن کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جن کے تجربے سے نیتھن لیون اور دوسرے باولر بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ان کی باولنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ مصباح الحق کو اس بات پر کوئی حیرانی نہیں کہ آسٹریلوی بولر انھیں اور یونس خان کو ہدف بنانے کی بات کررہے ہیں۔ مائیکل کلارک کہتے ہیں کہ عالمی نمبر ایک پوزیشن دوبارہ حاصل کرنا ان کی اولین ترجیح نہیں۔ وہ مستقل مزاجی کے ساتھ اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ سیریز مختلف کنڈیشنز میں ہونے کے سبب ان کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ دبئی سٹیڈیم میں پاکستان نے چھ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے تین جیتے، دو میں شکست ہوئی اور ایک برابر رہا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دبئی میں کھیلے گئے ان چھ میں پانچ ٹیسٹ میچ ایسے ہیں جن میں جس ٹیم نے بھی پہلے بیٹنگ کی وہ پہلے ہی دن پہلی اننگز میں آوٹ ہوگئی۔ دبئی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ 525 رنز یونس خان نے سکور کیے ہیں جبکہ سعید اجمل 37 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ –

تبصرے بند ہیں.