پنجاب میں بعض کاروبار و انڈسٹری کھولنے کی اجازت

لاہور (کامرس رپورٹر)حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کے باعث کیے گئے احتیاطی اقدامات کے تحت بند ہونے والے مختلف اقسام کے کاروبار کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دینا شروع کردی ہے تاکہ مطلوبہ شرائط کو مدِ نظر رکھتے ہوئے صوبے میں زندگی کو معمول پر لایا جاسکے، صوبائی حکومت گزشتہ چند روز کے دوران 3 مختلف حکم ناموں کے ذریعے متعدد صنعتوں اور مختلف قسم کے کاروبار کو دفعہ 144 سے مستثنٰی قرار دے چکی ہے، واضح رہے کہ صوبے میں وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے احتیاطی اقدام کے طور پر دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی۔صوبائی محکمہ داخلہ کے انٹرنل سیکیورٹی ونگ کی جاب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ٹیکسٹائل سے منسلک 36 اقسام کے کاروبار، کھیلوں کی اشیا کے 10، آلاتِ جراحی کے 7، گاڑیوں کے پرزوں کے 3، ادویات سازی کے 25، چمڑے کی صنعت سے منسلک 22، پھلوں اور سبزیوں سے متعلق 7، گوشت اور گوشت سے بنی اشیا یا صنعتوں سے منسلک 8 کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ’ان صنعتوں، کمپنیوں، فیکٹریوں سے متعلق تمام سرگرمیاں اور انہیں سامان فرہم کرنے والے کم سے کم عملے کے ساتھ صنعت، تجارت، سرمایہ کاری اور اسکلز ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت کووِڈ 19 کے خلاف احتیاطی اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے صوبے بھر میں 23 مارچ کو نافذ کی گئی دفعہ 144 سے مستثنٰی ہیں۔یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ انٹرنل سیکیورٹی ونگ نے اسی روز ایک اور نوٹیفکیشن جاری کر کے صوبے میں کپڑوں کی دھلائی اور ڈرائی کلیننگ کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی۔بعدازاں 4 اپریل کو محکمے نے ایک اور نوٹیفکیشن جاری کیا اور صوبے بھر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی لائسنس یافتہ ایکسچینج کمپنیوں کی برانچز کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی۔اس حوالے سے جاری نوٹفکیشن میں کہا گیا کہ ’ایکسچینج کمپنیوں کی برانچز/آو¿ٹ لیٹس کو بینکوں کی طرح ایک اہم مالیاتی سروس فراہم کرنے کی حیثیت سے اپنا کام جاری رکھنے کی اجازت ہے، لہٰذا ان ایکسچینج کمپنیوں سے منسلک تمام سروسز وائرس کے خلاف احتیاطی اقدامات اٹھاتے ہوئے جاری رکھی جائیں۔

تبصرے بند ہیں.