پلیئرز کو سخت محنت کا پھل مل گیا، فٹنس مثالی قرار

لاہور:  قومی کرکٹرز کوسخت محنت کا پھل مل گیا، ٹرینر گرانٹ لیوڈن نے یویو ٹیسٹ کی مشقت سے گزارنے کے بعد فٹنس کو مثالی قرار دیدیا، ٹیم انگلش چیلنج کا سامنا کرنے کیلیے مکمل تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز نے کاکول اکیڈمی میں آرمی ٹرینرز کی نگرانی میں کیمپ کے دوران فٹنس مسائل پر قابو پانے کیلیے سخت محنت کی تھی، بعد ازاں لاہور میں اسکلز کیمپ کے دوران بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کی گئی۔ پلیئرز کو خوراک کا بھی ایک پلان دیا گیا تھا، ساؤتھمپٹن میں 10روزہ کنڈیشننگ کیمپ کے دوران بھی ٹرینرز اور فزیو کھلاڑیوں کی جسمانی استعداد کو بہتر بنانے کیلیے کام کرتے رہے، میزبان انگلینڈ کے سخت چیلنج کا سامنا کرنے سے قبل اتوار کو پاکستانی ٹیم کو پہلے پریکٹس میچ میں تیاری کا موقع ملے گا، اس سے پہلے ٹاؤنٹن میں ٹرینر گرانٹ لیوڈن نے کھلاڑیوں کو یویو ٹیسٹ کی مشقت سے گزارنے کا فیصلہ کیا، انھوں نے تمام پلیئرز کو کلیئرنس سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا، ان کا کہنا ہے کہ کاکول اکیڈمی کے بعد ہیمپشائر میں سخت محنت کے مثبت نتائج نظر آرہے ہیں، پلیئرز نے پلان کے مطابق خوراک کا بھی خیال رکھا، ٹاؤنٹن میں بھی بہترین ٹریننگ جاری رہی، یہاں مختلف ڈرلز اور ٹائم ٹرائلز کرائے گئے جن سے کھلاڑیوں کی جسمانی استعداد خاصی بہتر ہوگئی،ان کی محنت و لگن دیکھ کر خوشی ہوئی، میرے خیال میں تمام پلیئرز ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی کیلیے تیار ہیں۔

تبصرے بند ہیں.