پروٹیز سے سیریز:قومی اسکواڈ کا اعلان جمعرات کو متوقع

کراچی: جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان جمعرات کو متوقع ہے، ٹیسٹ اسکواڈ میں محمد حفیظ اور اسد شفیق کی جگہ خطرے میں پڑ چکی۔ ان کی جگہ عمر اکمل اور صہیب مقصود کو آزمایا جا سکتا ہے، قومی سلیکٹرز ان دنوں ملک کے مختلف شہروں میں ریجنل ٹرائلز کی نگرانی کر رہے ہیں ، وہاں سے فراغت کے بعد وہ لاہور میں اکھٹا ہوں گے، پروٹیز کیخلاف ٹیسٹ میچز پہلے کھیلے جائیں گے، اس مناسبت سے ایک سہ روزہ پریکٹس میچ کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں پاکستانی ٹیم کا اے سائیڈ سے مقابلہ ہو گا۔یاد رہے کہ14اکتوبر کو ابوظبی ٹیسٹ سے قبل میزبان کو ایک سہ روزہ وارم اپ میچ میں بھی حصہ لینا ہے۔ دریں اثنا جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دراز قد محمد عرفان کی شرکت مشکوک ہے، انھیں زمبابوے کے خلاف2 ٹیسٹ کی سیریز میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا۔ عرفان نے رواں برس پروٹیزکے خلاف ہی ڈیبیو کیا تھا مگر جسمانی ساخت کی وجہ سے ٹیسٹ میں شمولیت مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ کپتان مصباح الحق اور بولنگ کوچ محمد اکرم بھی انھیں پانچ روزہ کرکٹ کھلانے کے حق میں نہیں ہیں، ایک سلیکٹر نے غیرملکی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ مصباح اور اکرم کا خیال ہے کہ عرفان کی جسمانی ساخت ٹوئنٹی 20اور ون ڈے کے لیے زیادہ بہتر ہے۔ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ عرفان کا جسم دوسرے فاسٹ بولرز سے مختلف اور ٹیسٹ کرکٹ میں انھیں کھلانے سے قبل فٹنس پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہو گی۔

تبصرے بند ہیں.