پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ریورس سوئنگ کو اپنا اہم ہتھیار قرار دیدیا، دوسری جانب اے ٹیم کے کپتان عمر امین کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی کنڈیشنز پاکستان کیلیے سازگار ہوں گی، پروٹیز کا ان کے ہوم گراؤنڈز پر سامنا کرنے کا تجربہ بھی حاصل ہے، سیریز میں اچھے مقابلے دیکھنے میں آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں قومی کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن سے قبل گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر جنید خان نے کہا کہ جنوبی افریقہ سے سیریز میں مجھ پر بولنگ کا زیادہ دباؤ نہیں ہوگا، ٹیم کو دیگر اچھے پیسرز کی خدمات بھی حاصل ہوں گی جبکہ اسپنرز بھی میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ حریف ٹیم کے خلاف میچ کی صورتحال اور گراؤنڈ کی کنڈیشنز دیکھ کر بولنگ کروں گا۔جنید خان نے کہاکہ ابوظبی اور دبئی کی وکٹوں پر گیند زیادہ ریورس سوئنگ ہوتی ہے، اس ہتھیار کا بھرپور استعمال کروں گا، کوشش ہوگی کہ بولنگ کوچ محمد اکرم کی مشاورت سے کارکردگی میں نکھار لاکر ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کروں۔
تبصرے بند ہیں.