پاک فوج اچھے اور برے طالبان میں فرق نہیں کر رہی، امریکی جنرل کا اعتراف

واشنگٹن: افغانستان میں امریکی افواج کے کمانڈر جنرل جان کیمبل نے اعتراف کیا ہے کہ پاک فوج ’اچھے اور برے‘ طالبان میں کوئی فرق نہیں کر رہی، بڈھ بیر ایئر بیس کیمپ پر حملہ اس کا ثبوت ہے، پاکستان نے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جارحانہ کارروائیاں کی ہیں۔

جنرل جان کیمبل نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو تحریری بیان میں بتایا ہے کہ پاکستان اپنے وعدوں کے مطابق بامقصد کارروائیاں کر رہا ہے اور فوجی آپریشنز کے باعث غیرملکی دہشتگرد مشرقی اور شمالی افغانستان میں چلے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان امن معاہدے کیلیے تعاون کیا اور افغانستان میں امن کیلیے پاکستان کا کردار اہم ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہت سے مسائل ہیں اور 2016 کے بعد بھی جاری رہ سکتے ہیں مگر انتہاپسندی کا مشترکہ خطرہ دونوں ملکوں میں تعاون کے فروغ کا باعث بن سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان کو طالبان سے مصالحت سے قبل پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا ہونگے۔

امریکی جنرل نے کہا کہ پاکستان نے جولائی میں افغان حکومت و طالبان کے درمیان مذاکرات کرائے مگر اس کے بعد افغانستان میں تسلسل کے ساتھ حملوں اور ملا عمر کی ہلاکت کی خبر عام ہونے پر صورتحال خراب ہوگئی، پاک افغان تعلقات میں دو قدم آگے کی جانب اٹھائے جاتے ہیں تو ایک پیچھے کی جانب اٹھ جاتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.