ساؤتھمپٹن (سپو ر ٹس ڈیسک) پاک انگلینڈ دوسرے ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا، ساؤتھمپٹن میں شیڈول سیریز کے دوسرے میچ کے دوران بارش کی پیشن گوئی، میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کا سیریز میں فتح کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے دہائیوں بعد انگلینڈ میں سیریز جیتنے کا خواب دیکھا جا رہا تھا، جو اب ممکنہ طور پر ادھوار ہی رہ جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ پاک انگلینڈ دوسرا ٹیسٹ میچ بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ساؤتھمپٹن جہاں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا، وہاں آئندہ چند روز کے دوران بارش ہونے کی پیشن گوی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میچ کے تمام 5 روز بارش ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ جمعرات سے روز بائول ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا۔انگلینڈ کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم کے پاس آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا سے دوسری پوزیشن چھیننے کا سنہری موقع ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے میزبان ٹیم کو پاکستان کی ٹیم سے ایک ٹیسٹ میچ جیتنا ضروری ہوگا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ساؤتھمپٹن میں ہی شیڈول ہے جو 21 سے 25 اگست تک کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں سیریز میں شامل تین ٹی20 میچز کھیلنے کے لئے ایک بار پھر اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر کا رخ کریں گی جہاں 28 اور 30 اگست کے علاوہ یکم ستمبر کو میچز کھیلے جائیں گے۔ 26 اگست کو مہمان ٹیم مانچسٹر روانہ ہوگی۔28 اگست کو پہلا ٹی ٹونٹی میچ اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلاجائیگا۔ دوسرا میچ 30 اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ یکم ستمبر کو اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلاجائے گا۔ تینوں ٹی ٹونٹی میچز مانچسٹر میں ہی کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ٹیم ٹی ٹونٹی سیریر کھیلنے کے بعد 2 ستمبر کو واپس لاہور کے لئے روانہ ہوگی۔
تبصرے بند ہیں.