Latest National, International, Sports & Business News

پاک انڈونیشیا ترجیحی تجارتی معاہدے پر آج سے اطلاق کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) پر اتوار یکم ستمبر سے عملدرآمد شروع کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں وزارت تجارت کی طرف سے گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) پر فروری 2012 میں دستخط ہوئے تھے تاہم اس معاہدے کو آپریشنلائز کرنے پر اتفاق اب ہوا ہے، اس معاہدے پر یکم ستمبر 2013 سے عملدرآمد شروع ہوگا۔ اعلامیے میں بتایا گیاکہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان پلانٹ قرنٹائن اور ایس پی ایس اقدامات کے حوالے سے باہمی شناخت کے معاہدے (ایم آر اے) پر بھی 30 اگست 2013 کو دستخط ہوگئے جس کے تحت انڈونیشیا نے کینو کے لیے پاکستان کو کیڑوں سے پاک (Pest Free) علاقہ قرار دے دیا ہے اور پاکستانی کینو کو انڈونیشیا کی مارکیٹ تک رسائی بھی دیدی ہے، اس کے علاوہ انڈونیشیا نے پاکستانی کینو جکارتہ کے تاننجنگ پورٹ کے ذریعے ترسیل کی بھی اجازت دیدی ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ انڈونیشیا کی طرف سے پاکستانی زرعی مصنوعات کے لیے کیے جانے والے مذکورہ اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی زرعی مصنوعات کو انڈونیشیا کی مارکیٹ تک رسائی ملے گی جس سے پاکستان کی برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا۔ اعلامیے کے مطابق انڈونیشیا پاکستان ترجیحی تجارتی معاہدے کے تحت انڈونیشیا پاکستانی کینو کو زیرو ڈیوٹی پر انڈونیشیاکی مارکیٹ تک رسائی دی ہے۔

تبصرے بند ہیں.