پاکستان کے دورۂ ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ کا پتا صاف

پورٹ آف اسپین: پاکستان کے دورۂ ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ میچز کا پتا ہی صاف کردیا گیا۔ ٹور صرف5 ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 میچز پر مشتمل ہوگا، تاریخوں کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا گیا، ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر ڈیوکیمرون کا کہنا ہے کہ پانچ روزہ مقابلوں کی عدم موجودگی پر افسوس مگر اس کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو رواں برس جولائی میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنا ہے۔ مگر ابھی تک شیڈول ہی طے نہیں ہوپا رہا ہے، اب ویسٹ انڈیز نے اعلان کیا کہ ٹیسٹ میچز شامل نہیں ہوں گے بلکہ یہ صرف محدود اوورز کے مقابلوں پر مشتمل سیریز ہوگی، ڈبلیو آئی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو مائیکل میورہیڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ابھی تک ہماری بات چیت ختم نہیں ہوئی اور نہ ہی تاریخوں کو حتمی شکل دی جاسکی ہے۔مگر ہمیں امید ہے کہ جلد ایسا ہوجائے گا، اس میں کوئی ٹیسٹ میچ شامل نہیں ہوگا، ہماری توجہ 5 ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 میچز پر مرکوز ہے، ہم نے اس سلسلے میں جو شیڈول پاکستان کو دیا اس پر ابھی تک دستخط نہیں ہوئے ہیں۔ ویسٹ انڈین بورڈ کے صدر ڈیو کیمرون کا کہنا ہے کہ میں ٹیسٹ میچز کی عدم موجودگی پر خوش نہیں ہوں مگر اس سلسلے میں کچھ کیا بھی نہیں جاسکتا۔

تبصرے بند ہیں.