پاکستان کو ’’کنگ آف اسپیڈ‘‘ احمد جمال مل گیا

کراچی: پاکستان کو احمد جمال کی صورت میں مستقبل کا روشن ستارہ مل گیا، 143 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرکے ’کنگ آف اسپیڈ‘ بن گئے۔ 10 لاکھ روپے کا خصوصی انعام بھی جیت لیا۔

ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے احمد جمال نے گزشتہ روز کراچی میں لگائے جانے والے فاسٹ بولنگ کیمپ میں تیز ترین گیند کی، وہ پورٹ قاسم کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے ہیں۔ 24 سالہ احمد جمال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرا واحد خواب پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلنا ہے، میں نے 14 برس کی عمر سے کرکٹ کھیلنا شروع کی اور تب سے ہی میری پوری توجہ اپنے کھیل پر مرکوز ہے۔

میں کوئی کام بھی نہیں کرسکتا، کرکٹ ہی میرا واحد خواب ہے۔ احمد جمال سابق فاسٹ بولر شعیب اختر سے کافی متاثر ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے کئی عظیم فاسٹ بولرز موجود ہیں ، میں شعیب اختر کو کھیلتا ہوا دیکھ کر بڑا ہوا، میں اب بھی ان کی ویڈیوز دیکھ کر اپنا کھیل بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ شعیب اختر کی جانب سے ایک دہائی قبل بنایا جانے والے 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کا ریکارڈ توڑنا چاہتے ہیں تو انھوں نے کہا کہ فی الحال میرا ہدف 155 کے ایم ایچ ہے، جب میں اس رفتار کو پہنچ گیا تب میں اس مشکل ہدف کی جانب توجہ دوں گا۔ احمد جمال کے بارے میں وسیم اکرم نے کہا کہ میں پہلے روز ہی اس کی صلاحیتوں کو پہچان گیا تھا، وہ سخت محنت سے اپنی رفتار بہتر بنانے کے ساتھ ملک کیلیے سرمایہ ثابت ہوسکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.