Latest National, International, Sports & Business News

پاکستان کو پولیو فری بنانے اور ہر بچے کو موذی مرض سے بچانے کیلیے پُرعزم ہیں، وزیرِ اعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے اور ہر بچے کو موذی مرض سے بچانے کے لیے پُرعزم ہیں۔انسداد پولیو کی ٹاسک فورس کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا، جس میں انسداد پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے صدر و صدر گلوبل ڈیویلپمنٹ ، گیٹس فاؤنڈیشن ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس کی زیر قیادت پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے انسداد پولیو کی بھرپور کوششیں مزید تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود حکومت اپنے بین الاقوامی، صوبائی و مقامی تمام ٹیم کی مدد سے پاکستان سے انسداد پولیو کے ہدف کو جلد حاصل کر لے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ہر بچے کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے اور پولیو فری پاکستان کا عزم کرتے ہیں۔ ہمیں پوری لگن اور سنجیدگی کے ساتھ اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ ملک بھر کے ہر بچے کو ویکسین کی متعدد خوراکیں ملیں اور وہ پولیو سے محفوظ رہے ۔شہباز شریف کا کہناتھا کہ فرنٹ لائن ورکرز کی لگن، حکومت پاکستان کے عزم اور پارٹنرز کے تعاون سے پاکستان نے پولیو کے خلاف اہم پیش رفت کی ہے۔ انسداد پولیو کے لیے صوبائی ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں اور تعاون لائق تحسین ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پولیو ورکرز کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ صوبائی حکومتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو پولیو کے خاتمے کے لیے یکجان ہو کر مزید تیزی سے کام کرنا ہوگا ۔ ہم اپنے تمام شراکت داروں کے شکر گزار ہیں جو پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کا بھی شکر گزار ہوں جو کہ انسداد پولیو میں پاکستان کا ہر طرح سے ساتھ دے رہے ہیں۔اجلاس میں انسداد پولیو کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ پاکستان میں انسداد پولیو مہم میں بل گیٹس فاؤنڈیشن سمیت تمام شراکت داروں نے بہت اہم اور قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔ جنوبی خیبر پختون خوا کے علاقوں میں پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیےہر ڈسٹرکٹ میں درپیش مسائل کی نسبت سے مخصوص انسداد پولیو مہم تشکیل دی جا رہی ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال ، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، انسداد پولیو پر وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق ، چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان ، آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹریز، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے چیف کمشنر ، انسداد پولیو کے نیشنل کوآرڈینیٹر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

تبصرے بند ہیں.